برطانوی شاہی خاندان کی منحرف بہو، امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل شدید مشکلات میں گِھر گئے، تھامس کے نام پر میکسیکو کے ساحلی شہر روساریتو میں کرائے پر لیے گئے ایک گودام سے کم عمر لڑکیوں کی نازیبا تصاویر، رسائل اور دیگر مشتبہ مواد ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اخبار کے نمائندوں نے اس گودام تک رسائی حاصل کی ہے جو تھامس مارکل نے 2017ء میں کرائے پر لیا تھا، بتایا گیا ہے کہ تھامس گزشتہ 2 سال سے اس کا کرایہ ادا نہیں کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گودام سے کم عمر لڑکیوں کی فحش تصاویر پر مشتمل رسائل، تصاویر کے نیگیٹو اور ساحلِ سمندر پر بچوں کی خفیہ طور پر بنائی گئی تصاویر بھی ملی ہیں۔
بعض سیاہ و سفید تصاویر میں برہنہ لڑکیاں دکھائی گئی ہیں جبکہ ایک تصویر میں تھامس مارکل بھی ایک لڑکی کے ساتھ ہوٹل کے کمرے میں بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔
اخبار کے نمائندوں کو گودام سے تقریباً 50 ویڈیو ٹیپس بھی ملے ہیں تاہم ان کے اندر موجود مواد کی تصدیق نہیں ہو سکی، ان کے علاوہ جنسی موضوعات پر مبنی کتابیں، ایک کمپیوٹر اور ہارڈ ڈرائیو کا ڈیٹا مٹانے والے سافٹ ویئر سے متعلق ہدایات بھی موجود تھیں۔
ایک کاغذ پر خفیہ انٹرنیٹ کی اصطلاح اور ویب سائٹس کے یو آر ایل بھی درج تھے۔
ڈیلی میل کے مطابق اخبار نے ان انکشافات سے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے کو آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ تھامس مارکل پہلے ہی بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزامات کی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب میگھن مارکل کی ایک قریبی دوست نے 26 اکتوبر کو امریکی جریدے پیپل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میگھن اپنے والد کے خلاف سامنے آنے والے الزامات پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
میگھن مارکل کی دوست کے مطابق اداکارہ کے لیے یہ صورتِ حال انتہائی تکلیف دہ ہے، خصوصاً اس لیے بھی کہ ان کے اپنے بچے بھی چھوٹے ہیں اور متاثرہ بچوں کا معاملہ انہیں شدید پریشان کر رہا ہے۔