ہالی ووڈ کے معروف اداکار سر پیٹرک اسٹیورٹ 86 برس کی عمر میں چل بسے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سر پیٹرک اسٹیورٹ نے بدھ کے روز امریکی شہر لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانسیں لیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکار الزائمر اور لیوی باڈی ڈیمنشیا کے مرض میں مبتلا تھے۔
سر پیٹرک اسٹیورٹ کے اہلِ خانہ نے ان کی موت کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سر پیٹرک اسٹیورٹ کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور فلمی اداروں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔
واضح رہے کہ 13 جولائی 1940ء کو انگلینڈ کے علاقے یارکشائر میں پیدا ہونے والے پیٹرک اسٹیورٹ نے 18 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے اپنے فنی سفر کا بڑا حصہ تھیٹر میں گزارا اور رائل شیکسپیئر کمپنی کے ساتھ بھی کام کیا۔
بعد ازاں اداکار کو 47 برس کی عمر میں مشہور سائنس فکشن سیریز ’اسٹار ٹریک: دی نیکسٹ جنریشن‘ میں کیپٹن جین لوک پیکارڈ اور مارول اسٹوڈیوز کی مشہور فلم سیریز ’ایکس مین‘ میں پروفیسر چارلس زیویئر (پروفیسر ایکس) کے کردار سے عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔
سر پیٹرک اسٹیورٹ موت کے بعد بھی فلمی پردے پر مارول اسٹوڈیو کی نئی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں پروفیسر ایکس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، جو 18 دسمبر 2026ء کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔