پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان نے اداکاری کے بعد اب گلوکاری کے ذریعے بھی مداحوں کے دل جیت لیے۔
امریکا کے شہر ہیوسٹن میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران احسن خان نے اداکارہ ثانیہ سعید کے ساتھ اپنے ڈرامے ’آپ کی عزت‘ کا مقبول اوریجنل ساؤنڈ ٹریک گایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں احسن خان اور ثانیہ سعید کو ڈرامہ سیریل ’آپ کی عزت‘ کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک’جب تو یاد آئے‘ گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس اوریجنل ٹریک کا اصل ورژن معروف گلوکار علی ظفر نے گایا ہے جب کہ اس کے بول حسن بادشاہ نے لکھے ہیں۔
اداکار کی لائیو پرفارمنس سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ان کی آواز اور گلوکاری کی صلاحیتوں پر مختلف قسم کے تبصرے کرنے لگے۔
کچھ صارفین نے احسن خان کی گلوکاری کو سراہا اور ان کی آواز کو خوبصورت قرار دیا۔
ایک صارف نے اداکار کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے گانا بہت خوبصورتی سے گایا ہے جب کہ ایک دوسرے صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہ واقعی احسن خان کی اپنی آواز ہے؟