کترینہ کیف کا ماں بننے کے بعد جسمانی ساخت پر تنقید کرنے والوں کو جواب

کترینہ کیف—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے امبانی خاندان کی مذہبی تقریبات میں شرکت کے بعد اپنے وزن پر ہونے والی تنقید اور ماں بننے کے بعد جسمانی ساخت پر تبصروں کے حوالے سے خاموشی توڑ دی۔

کترینہ کیف نے ستمبر میں امبانی خاندان کی تقریبات میں شرکت کی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے وزن سے متعلق مختلف تبصرے کیے گئے۔

فیشن میگزین ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں 43 سالہ اداکارہ نے کہا ہے کہ لوگوں کے پاس یہ نہ جاننے کا کوئی جواز نہیں کہ بچے کی پیدائش کے بعد عورت کے جسم میں کن تبدیلیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں لوگوں کی آراء مسلسل بدلتی رہتی ہیں، زیادہ تر افراد جانتے ہیں کہ بچے کی پیدائش کے بعد عورت کے جسم میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں، اگر اس کے باوجود کوئی عورت کے جسم کو تنقیدی نظر سے دیکھنے کا انتخاب کرتا ہے تو یہ اس کا ذاتی فیصلہ ہے، اسے معلومات کی کمی کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

کترینہ کیف نے کہا ہے کہ میں اپنی زندگی کے اس خوبصورت مرحلے اور مستقبل کے سفر پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتی ہوں۔

اداکارہ نے ماں بننے کے بعد جلد از جلد پہلے جیسی جسمانی ساخت حاصل کرنے کے تصور پر بھی سوال اٹھایا ہے۔

کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ میں زندگی میں ایک ایسے مرحلے کی جانب آگے بڑھی ہوں جو میرے دل کی گہری خواہش تھی، تو پھر میں پیچھے کیوں جانا چاہوں گی؟

انہوں نے بتایا ہے کہ بچے کی پیدائش کے ابتدائی دنوں میں ویہان کا چہرہ دیکھنا اور یہ احساس ہونا کہ میرے اور وکی کوشل کے 4 سالہ سفر کا نتیجہ اس خوشی کی صورت میں سامنے آیا ہے، میرے لیے ناقابلِ بیان احساس تھا۔

اداکارہ نے کہا ہے کہ میں اپنی فٹنس اور اس جسمانی کیفیت سے بخوبی واقف ہوں جس میں خود کو سب سے زیادہ توانا محسوس کرتی ہوں، میں اپنی رفتار سے اس مقام تک پہنچوں گی۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021ء کو راجستھان میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی، کترینہ آخری بار فلم ’میری کرسمس‘ میں وجے سیتھوپتی کے ساتھ نظر آئی تھیں، جو 12 جنوری 2024ء کو ریلیز ہوئی تھی۔