چیئرمین پی سی بی کی جانب سے سہ ملکی سیریز کی ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سہ ملکی سیریز میں حصہ لینے والی ٹیمز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

شاہی قلعہ لاہور میں ہونے والے عشائیے میں انگلینڈ، سری لنکا اور پاکستان ٹیم کے کھلاڑی شاہی مہمان بن گئے، جن کا شاہی استقبال ہوا تو شاہی تواضع بھی کی گئی۔

تقریب میں کھلاڑیوں، کوچنگ اور مینجمنٹ اسٹاف نے شرکت کی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے عالمگیری دروازے پر تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو بادشاہی مسجد، مزار اقبال اور حضوری باغ کا ٹور بھی کرایا گیا، غیر ملکی کھلاڑی اس دورے سے کافی محظوظ ہوئے۔

دوران تقریب غیر ملکی کھلاڑیوں نے رنگیلا رکشہ کی سواری کو بہت انجوائے کیا جبکہ ڈھولیچی گروپ کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا، جس پر غیر ملکی پلئیرز نے بھرپور داد دی۔

دیوان خاص میں مغلیہ دور کے لباس میں ملبوس دربانوں نے غیر ملکی مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دیوان عام، بارود خانہ، شیش محل کی بھی سیر کرائی گئی اورشاہی قلعہ کی تاریخ سے متعلق آگاہی دی گئی، کھلاڑیوں نے اس کی تاریخی حیثیت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ آپ سب ہمارے خصوصی مہمان ہیں، پاکستان پر امن اور محفوظ ملک ہے، پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے خصوصی لگاؤ رکھتی ہے۔

تقریب میں سری لنکا کے سفارتکاروں، چیف سیکرٹری پنجاب، سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف، رمیز راجا، سابق کرکٹرز، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل اور اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔