خاندان کی حفاظت اور نامناسب توجہ سے بچنے کیلئے والدہ نے سر اور بھنویں تک منڈوالی تھیں: گووندا

گووندا اپنی والدہ اور اہلیہ سنیتا کے ہمراہ – فوٹو: فائل

نامور بھارتی اداکار گووندا نے انکشاف کیا ہے کہ خاندان کی حفاظت اور نامناسب توجہ سے بچنے کیلئے والدہ نے سر اور بھنویں تک منڈوالی تھیں۔

بالی ووڈ کے نامور اداکار گووندا نے اپنی زندگی کے ابتدائی دور کے کٹھن حالات اور خاندانی مشکلات پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے اپنی آنجہانی والدہ اور کلاسیکی گلوکارہ نرملا دیوی کی زندگی کے ایک دردناک واقعے کا انکشاف کیا ہے۔

گووندا نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کا خاندان شدید مالی بحران اور غربت کا شکار ہو گیا تھا۔ اس مشکل دور میں جب ان کی والدہ کام کی تلاش میں باہر نکلیں، تو ان کے والد نے ان کی خوبصورتی کے پیشِ نظر خطرات سے خبردار کیا تھا۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ خاندان کی حفاظت اور نامناسب توجہ سے بچنے کے لیے ان کی والدہ نے اپنے سر کے بال اور بھنویں تک منڈوالی تھیں اور فقیرانہ یا درویشوں جیسا لباس پہن کر کام کی تلاش میں نکلا کرتی تھیں۔

گووندا کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی قربانیاں دینے والی ماں کے بیٹے ہونے کی حیثیت سے اب وہ لوگوں کی تنقید اور طعن و تشنیع سے بالکل متاثر نہیں ہوتے، کیونکہ انہوں نے زندگی کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔

یاد رہے کہ گووندا کی والدہ نرملا دیوی ایک نامور ہندوستانی کلاسیکی گلوکارہ اور اداکارہ تھیں، جو 1996ء میں اس دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔