بھارت چھوڑنے کا نوٹس معطل، عمران خان کو بڑا ریلیف مل گیا

فوٹو: سوشل میڈیا

بالی ووڈ اداکار عمران خان کو بھارت چھوڑنے کے نوٹس کے خلاف قانونی جنگ میں عارضی ریلیف مل گیا۔ بمبئی ہائی کورٹ نے اداکار کو جاری فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (FRRO) کا نوٹس اگلی سماعت تک معطل کردیا۔

نامور بھارتی اداکار عامر خان کے بھانجے عمران خان امریکی شہری اور اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (OCI) کارڈ ہولڈر ہیں۔ کیس کی اگلی سماعت پیر 2 نومبر کو سہ پہر 3 بجے ہوگی۔

بمبئی عدالت عالیہ کے چیف جسٹس مہیش چندرا ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے معاملے کی مختصر سماعت کی۔ مرکزی حکومت کے وکیل نے کیس 2 نومبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

ایڈیشنل سالیسٹر جنرل انیل سنگھ نے عدالت کو زبانی یقین دہانی کروائی کہ اس دوران عمران خان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

اداکار کے سینئر وکیل وینکٹیش دھونڈ نے عدالت کو بتایا کہ ایف آر آر او کے حکم کے مطابق عمران کو اگلے ہی دن ملک چھوڑنا تھا۔ 

تنازع 10 اکتوبر کو شروع ہوا، جب ممبئی پولیس نے عمران خان کو اگست کرانتی میدان کے قریب حراست میں لیا۔

اس مقام پر ووٹر فہرستوں کی ’اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR)‘ کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کے لیے احتجاج ہو رہا تھا۔

اداکار کے ساتھ ان کی پارٹنر لیکھا واشنگٹن اور کزن زین میری خان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق بی جے پی رہنما کرٹ سومیا نے پولیس میں شکایت کی کہ عمران بھارتی نہیں بلکہ امریکی شہری ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جس کے بعد پولیس نے معاملہ ایف آر آر او کو بھیجا۔