بھارتی فلم ساز راجیو رائے نے انکشاف کیا ہے کہ فلم تری دیو میں سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے عمر کے فرق کے باعث اداکارہ سونم کے ساتھ کام کرنے کے خیال کو ترک کر دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 71 سالہ فلم ساز نے 1989ء کی کامیاب فلم تری دیو کی ہدایت کاری کی تھی، انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ تجربہ کار اداکار کو اپنی ساتھی اداکارہ کے ساتھ عمر کے فرق پر تحفظات تھے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران راجیو رائے نے انکشاف کیا ہے کہ نصیرالدین شاہ نے خود مجھ سے رابطہ کر کے عمر کے اس فرق کے حوالے سے بات کی تھی، کیونکہ وہ عمر کے فرق پر جھجک محسوس کر رہے تھے۔
راجیو رائے نے بتایا کہ ایک روز جب میں نصیر الدین شاہ کے ساتھ فلم کے اسکرپٹ پر گفتگو کر رہا تھا تو انہوں نے کہا کہ میں آپ کے علم میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ میری پہلی شادی سے ایک بیٹی ہے، جس کی عمر سونم سے بھی زیادہ ہے، کیا یہ بات آپ کے لیے اہمیت رکھتی ہے؟
فلم ساز کے مطابق میں نے نصیر الدین شاہ کو جواب دیا کہ میرے لیے یہ بات کیوں اہمیت رکھے گی؟ آپ دونوں بطور جوڑی اچھے لگ رہے ہیں، یہ سنیما ہے، ہم کوئی حقیقت پر مبنی دستاویزی فلم نہیں بنا رہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پر نصیرالدین شاہ نے کہا کہ آپ کو یہ بات بتانا میرا فرض ہے۔
فلم ساز نے اداکار کی دیانت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نہایت مخلص اور سچے انسان ہیں۔
گفتگو کے دوران ہدایت کار نے یہ بھی بتایا کہ عمر کے فرق کے باوجود سونم نصیرالدین شاہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے حد پُرجوش تھیں، جس کی ایک وجہ اداکار کی مقبولیت بھی تھی۔
واضح رہے کہ فلم تری دیو میں سنی دیول، جیکی شروف، مادھوری ڈکشٹ، سنگیتا بجلانی، انوپم کھیر اور امریش پوری نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔
1989ء میں ریلیز ہونے والی یہ فلم باکس آفس پر کامیابی ثابت ہوئی اور اس سال بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں تیسرے نمبر پر رہی تھی۔