میگھن مارکل ’جونیئر ماسٹر شیف آسٹریلیا‘ کی میزبان بن گئیں

میگھن مارکل—فائل فوٹو 

برطانوی شاہی خاندان کی منحرف بہو، امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے بچوں کے مقبول کھانا پکانے کے پروگرام جونیئر ماسٹر شیف آسٹریلیا میں شریک میزبان کے طور پر کام کرنے کا اعلان کر دیا۔

میگھن مارکل اس سے قبل رواں سال اپریل میں ماسٹر شیف آسٹریلیا پروگرام میں شرکت کر چکی ہیں جہاں انہوں نے 18 سال سے زائد عمر کے شرکاء کے ساتھ کام کیا تھا۔ 

اب وہ کم عمر کھانا پکانے کے شوقین بچوں کی صلاحیتیں جانچنے کے لیے بطور میزبان پروگرام کا حصہ بنیں گی۔

میگھن مارکل کا کہنا ہے کہ رواں سال ماسٹر شیف کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شاندار رہا، اس لیے بچوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی دعوت قبول کرنا میرے لیے آسان فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے بچوں کے ساتھ کھانا پکانا پسند کرتی ہوں اور نو عمر شرکاء کی تخلیقی صلاحیتیں دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں۔

دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق پروگرام کی عکس بندی آج سے آسٹریلیا میں شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ اس کوکنگ شو کو آئندہ سال نشر کیا جائے گا۔