بھارتی اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے مقدمے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کا اصل ہدف عامر خان تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان تقریباً 1 ماہ تک ممبئی میں عامر خان کے گھر کے آس پاس موجود رہے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی کوشش کرتے رہے۔
پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گینگ کا ابتدائی ہدف سلمان خان تھے لیکن وہاں سخت سیکیورٹی دیکھ کر منصوبہ تبدیل کیا گیا، اس کے بعد عامر خان سمیت دیگر اداکاروں کی رہائش گاہوں کی نگرانی کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان عامر خان کی رہائش گاہ کی آس پاس رہ کر ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی کوشش کرتے رہے لیکن اداکار کے شیڈول کی وجہ سے ان تک پہنچنا آسان نہیں تھا کیونکہ عامر خان اکثر فلموں کی شوٹنگ کے لیے گھر سے باہر ہوتے ہیں یا طویل عرصے تک گھر میں ہی رہتے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزمان نے ٹائیگر شروف کو مبینہ طور پر نسبتاً آسان ہدف سمجھتے ہوئے اپنا منصوبہ ان کی طرف منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹس اور انسٹاگرام ریلز کے ذریعے ملزمان کو معلوم ہوا کہ ٹائیگر شروف ہر اتوار ممبئی کے علاقے جوہو میں فٹبال کھیلنے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک آڈیو کلپ اور پوسٹ بھی سامنے آئی ہے، جنہیں مبینہ طور پر آرزو بشنوئی اور ٹائسن بشنوئی نامی افراد سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
اس آڈیو میں عامر خان کی تیسری شادی پر اعتراض کرتے ہوئے اداکار کو سبق سکھانے کی دھمکی دی گئی ہے۔
ممبئی پولیس اس آڈیو کلپ اور عامر خان کی رہائش گاہ کی مبینہ ریکی سمیت پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔