میگھن مارکل کو والد کے خلاف پریشان کن الزامات نے آبدیدہ کر دیا

—فوٹوز بشکریہ غیر ملکی میڈیا

برطانوی شاہی خاندان سے منحرف شہزادہ ہیری کی اہلیہ، امریکی اداکارہ میگھن مارکل اپنے والد تھامس مارکل سینئر کے خلاف بچوں سے متعلق سنگین الزامات سامنے آنے پر شدید رنجیدہ ہیں۔

برطانوی جریدے ہیلو کے مطابق میگھن مارکل اپنے شوہر ہیری اور بچوں، 7 سالہ آرچی اور 5 سالہ للیبیٹ کے ہمراہ بیرونِ ملک مختصر چھٹیوں پر چلی گئی ہیں تاکہ میڈیا سے دور رہ کر قریبی دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکیں۔

رپورٹ کے مطابق میگھن کے سوتیلے بھائی تھامس جونیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے اپنے والد کے سامان سے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر ملی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میگھن اس معاملے پر شدید افسردہ ہیں اور اپنی بیٹی کو دیکھ کر متاثرہ بچوں کے بارے میں سوچتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئیں۔

میگھن کے دوست احباب بھی پیغامات بھیج کر اداکارہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ میگھن مارکل اور ان کے والد کے درمیان تعلقات 2018ء سے منقطع ہیں، حالیہ تنازع پر اپنے ایک بیان میں میگھن نے کہا تھا کہ والد کو اپنے بچوں سے دور رکھنے کا فیصلہ بچوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکام دیگر خاندانوں کے بچوں کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہوں گے۔

میگھن نے کہا کہ سامنے آنے والے انکشافات انتہائی تکلیف دہ ہیں اور مجھے امید ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، معصوم بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔