وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کے عہدے کیلئے نکی مناج کا نام سامنے آ گیا

امریکی گلوکار و ریپر نکی مناج—فائل فوٹو

وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر برائے مواصلات اسٹیون چیونگ نے پریس سیکریٹری کے عہدے کے لیے امریکی گلوکار، ریپر نکی مناج کا نام تجویز کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیون چیونگ نے ایئر فورس ون میں فنکارہ کا ایک فرضی انٹرویو شیئر کرتے ہوئے یہ تجویز پیش کی۔

25 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسٹیون چیونگ نے لکھا کہ خواتین و حضرات! میرا خیال ہے کہ ہمیں وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری مل گئی ہیں۔

ویڈیو میں اسٹیون چیونگ مشی گن جاتے ہوئے طیارے میں نکی مناج سے سوالات کرتے دکھائی دیے۔

ویڈیو میں انہوں نے گلوکارہ سے امریکی معیشت، بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے ٹرمپ کی حکمتِ عملی اور ان کے طرزِ عمل سے متعلق سوالات کیے۔

بعد ازاں نکی مناج نے مشی گن میں ریپبلکن پارٹی کی انتخابی ریلی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ شرکت کی۔

انتخابی ریلی میں گلوکارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کھل کر حمایت کرتی رہی ہیں، مجمعے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خود کو ٹرمپ کی سب سے بڑی مداح قرار دیا۔

نکی مناج نے ٹرمپ کے کاروباری تجربے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مالی معاملات سنبھالنے کی ان کی صلاحیت ظاہر کرتی ہے کہ وہ معاشیات کو سمجھتے ہیں۔

انہوں نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھی ٹرمپ کے طرزِ عمل کو سراہا اور کہا کہ دوسرے ممالک کے ساتھ معاملات میں امریکی مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے۔

ریپبلکن امیدواروں کی حمایت میں ٹرمپ کی مسلسل انتخابی مہم کے بارے میں پوچھے جانے پر نکی مناج نے کہا کہ صدر اپنی عمر سے نصف عمر کے لوگوں کے مقابلے میں بھی زیادہ محنت کرتے ہیں۔

نکی مناج نے اسٹیون چیونگ کی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے امریکی پرچم اور پسینے کے قطرے کے ساتھ مسکراتے چہرے کا ایموجی بھی شامل کیا، وائٹ ہاؤس کے سرکاری اکاؤنٹ نے بھی آنکھوں والے ایموجی کے ذریعے ردِعمل دیا، جبکہ ٹرمپ کے مشیر الیکس بروسوِٹز نے نکی مناج کے مداحوں، جنہیں ’باربز‘ کہا جاتا ہے، ان سے اس تجویز کے بارے میں رائے طلب کی ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پریس سیکریٹری کا عہدہ کیٹی زکریا کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا، جن کی مدتِ کار اکتوبر میں محض 5 روز رہی۔