پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جا رہی تین ملکی ون ڈے سیریز سے صائم ایوب کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے بات چیت میں ریلیز کرنے کی درخواست کی تھی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بیٹنگ پر کام کرنے کے لیے ریلیز کرنے کا کہا، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی طور پر صائم ایوب کی درخواست کو منظور کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے صائم ایوب کے فیصلے کو سراہا ہے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا، وہ جلد قومی اسکواڈ جوائن کر لیں گے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان نیپال پریمیئر لیگ کے لیے کٹھمنڈو میں ہیں، ان کو نیشنل ڈیوٹی کے لیے طلب کیا گیا ہے، وہ پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 ملکی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے اسپنر سفیان مقیم کو ریلیز کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ سفیان مقیم کی جگہ معاذ صداقت کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی نے کہا تھا کہ اسکواڈ میں مزید توازن لانے کے لیے تبدیلی کی گئی ہے۔