اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ تقریباً 5 سال پہلے ہی کرلیا تھا: کومل عزیز

— فائل فوٹو 

پاکستانی سابقہ اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری سے مستقل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

کومل عزیز خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ تقریباً 5 سال پہلے ہی کرلیا تھا، تاہم اس کا باضابطہ اعلان کرنے میں تاخیر کی۔ 

اداکارہ نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان کرنے میں تاخیر کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ میں غیر ضروری میڈیا توجہ سے بچنا چاہتی تھی اور پہلے یہ بھی دیکھنا چاہتی تھی کہ میں شوبز سے باہر اپنی الگ شناخت اور کامیاب کاروبار کی بنیاد رکھ سکتی ہوں یا نہیں۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران میں نے شہرت اور میڈیا کی توجہ سے دور رہ کر اپنی ذات پر توجہ دی اور زندگی کے لیے ایک نئی سمت کا انتخاب کیا۔

کومل عزیز نے لکھا کہ اب میں اپنے کاروبار کو آگے بڑھانے اور مالی طور پر خود مختار رہنے پر توجہ دے رہی ہوں۔

اُنہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ میں اب اپنے مداحوں کو اسکرین پر اپنی طویل غیر موجودگی کی وجہ بتانا چاہتی ہوں تاکہ ان کے ذہنوں میں کوئی سوال باقی نہ رہے۔

اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ میں شوبز سے دور ہونے کے باوجود بھی اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت کو ہمیشہ یاد رکھوں گی۔

واضح رہے کہ اداکارہ کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021ء میں نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل’مہلت‘ میں نظر آئی تھیں۔ اس کے بعد سے وہ اداکاری سے دور اور کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔