مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے بچی جاں بحق

—فائل فوٹو

راولپنڈی میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے بچی جاں بحق ہوگئی، بچی کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے تھانہ مورگاہ کی حدود میں پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بچی جنت فاطمہ کے چچا توقیر احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

واقعے کے حوالے سے درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق بچی کو بیمار ہونے کے باعث ڈاکٹر یونس کے کلینک لایا گیا تھا اور غلط انجکشن لگانے پر بچی زمین پر گر گئی، اس کا رنگ سیاہ ہوگیا اور منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہو گئے۔

ڈاکٹر نے بے نظیر بھٹو اسپتال (BBH) لے جانے کا کہا جس پر متاثرہ بچی کو وہاں منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقدمے میں نجی کلینک چلانے والے ڈاکٹر یونس کو نامزد کیا گیا ہے۔