نامور بالی ووڈ اداکار منوج باجپائی نے کہا ہے کہ انڈسٹری کا خراب ریکارڈ ہے، یہاں اداکاروں کی صلاحیتوں کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے۔
اپنی منفرد اداکاری اور جاندار کرداروں کے لیے پہچانے جانے والے بالی ووڈ اداکار منوج باجپائی نے انڈسٹری کے اندرونی رویوں پر کھل کر بات کی ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ کس طرح فلم ساز اچھے اداکاروں کو مخصوص قسم کے کرداروں تک محدود کر کے ان کی صلاحیتوں کا گلا گھونٹ دیتے ہیں۔
منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں کئی ایسے باصلاحیت فنکار آئے جنہیں مناسب مواقع اور عزت نہ ملنے کی وجہ سے وہ گمنامی کے اندھیروں میں کھو گئے۔
اداکار نے اعتراف کیا کہ ان کی اپنی طویل اداکاری کے سفر میں بھی اب تک صرف 25 فیصد صلاحیت ہی استعمال ہو پائی ہے۔
منوج باجپائی نے کہا کہ انڈسٹری کا یہ پرانا وتیرہ رہا ہے کہ وہ فنکاروں کو ایک ہی قسم کے کرداروں میں فکس کر دیتی ہے، جس سے ان کی تخلیقی صلاحیتیں زنگ آلود ہو جاتی ہیں۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار کا کہنا تھا کہ اسٹریمنگ سسٹمز نے انڈسٹری میں مثبت تبدیلیاں پیدا کی ہیں، جہاں ناظرین اب بہتر اور معیاری مواد کو سراہتے ہیں اور کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔