قومی ایئرلائن یکم دسمبر سے برمنگھم کیلئے پروازیں شروع کرے گی، پاکستانیوں میں خوشی کی لہر

فائل فوٹو۔

حکومتِ پاکستان کی کوششوں اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان سفارتی رابطوں کے نتیجے میں قومی ایئرلائن نے برمنگھم کے لیے براہِ راست پروازیں یکم دسمبر 2026 سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

اس اعلان سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حکومتِ پاکستان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ کے ساتھ فضائی رابطوں کو بہتر بنانے اور مسافروں کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لیے اقدامات کیے۔ 

اس سلسلے میں سیکریٹری ایوی ایشن، سیکریٹری دفاع اور  سی ای او ایئر مارشل محمد عامر حیات کی سطح پر کوششیں کی گئیں، جبکہ برطانوی حکام کے ساتھ مشاورت اور تعاون کے ذریعے فضائی آپریشن کی راہ ہموار کرنے پر توجہ دی گئی۔

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد عثمان ٹیپو اور پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور سفارتی رابطوں میں برطانیہ کے بڑے شہروں کے لیے قومی ایئر لائن کی پروازوں کے آغاز اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ 

قومی ایئر لائن کے اعلان کے مطابق اسلام آباد اور برمنگھم کے درمیان براہِ راست پروازیں ہفتے میں تین دن، منگل، جمعرات اور ہفتہ کو چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے پرواز دوپہر 12 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہو کر شام 4 بجے برمنگھم پہنچے گی، جبکہ برمنگھم سے واپسی کی پرواز شام 6 بج کر 30 منٹ پر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔