محمد عامر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کرکٹرز کی تربیت کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کے معترف

— جنگ فوٹو 

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا۔

محمد عامر نے  نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولتوں، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی کو جاتا ہے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولتیں اور ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی ان منصوبوں میں تسلسل برقرار رہا تو پاکستان کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز خوش قسمت ہیں کہ انہیں جدید سہولتیں اور بہترین ماحول میسر ہے، نئی بولنگ مشین بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی، پاکستان میں ری ہیب کی جدید سہولتوں کی فراہمی بھی کرکٹرز کے لیے فائدہ مند ہو گی۔

انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی ڈائیٹ، ٹریننگ اور ری ہیب کی باقاعدہ نگرانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹرز پر سرمایہ کاری پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔

محمد عامر نے ملتان میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے تربیتی پروگرام کو مثبت پیش رفت قرار دیا جب کہ سیالکوٹ میں انڈر 15 اور فیصل آباد میں انڈر 17 کھلاڑیوں کی تربیت کے اقدامات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی سابق کرکٹرز کے تجربات اور تجاویز سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، سابق کھلاڑیوں کی تجاویز پر مشاورت کے بعد سفارشات پی سی بی کو پیش کی جائیں گی تا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔