پاکستانی اداکار شہریار منور نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ ماہین صدیقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران مجھے احساس ہوا کہ اگر مجھے شادی کرنی تھی تو ماہین ہی سے کرنی تھی ورنہ شاید شادی ہوتی ہی نہیں۔
احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار منور نے اپنی اہلیہ کو بہترین انسان قرار دیا۔
شادی پر مبارک باد ملنے پر اداکار نے کہا کہ الحمدللّٰہ! اب تک ازدواجی زندگی اچھی گزر رہی ہے۔
شہریار منور کا کہنا ہے کہ ماہین مجھے بہت اچھے طریقے سے سنبھال لیتی ہیں، جو بذاتِ خود ایک بڑا کام ہے۔
اداکار نے کہا کہ شادی میں سب سے بڑا چیلنج ایک ہی شخص کے ساتھ روزانہ وقت گزارنا ہے، کسی ایک شخص کے ساتھ روزانہ 16 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت گزارنے کے لیے خود کو تیار کرنا اہم ہے۔
اس موقع پر احمد علی بٹ نے کہا کہ شادی کی حقیقت کا احساس عموماً دوسرے ہفتے میں ہونا شروع ہوتا ہے، جب انسان کو اندازہ ہوتا ہے کہ شریکِ حیات اب مستقل طور پر ساتھ رہنے والا ہے۔
شہریار منور نے بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کوئی آپ کو یہ نہیں بتاتا کہ شادی کے بعد ایک شخص ہر وقت آپ کے آس پاس موجود ہو گا۔
یاد رہے کہ شہریار منور اور ماہین صدیقی دسمبر 2024ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔