شہری کی خودکشی کا کیس، راکھی ساونت کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنیکا حکم

— فائل فوٹو 

معروف بھارتی اداکارہ و رقاصہ راکھی ساونت کے خلاف اتر پردیش کے شہر جھانسی کی عدالت نے 2010ء کے ایک خودکشی کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ راکھی ساونت کے ٹی وی شو ’راکھی کا انصاف‘ میں ایک شخص کے خلاف مبینہ توہین آمیز ریمارکس سے متعلق ہے، جس نے بعد میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے بھارتی اداکارہ کے بار بار عدالت میں پیش نہ ہونے پر 16 اکتوبر کو وارنٹ جاری کیا۔ 

پولیس کو راکھی ساونت کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو کا کہنا ہے کہ کیس کی اگلی سماعت یکم دسمبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ کیس جھانسی کے علاقے ہنساری پریم نگر کے رہائشی لکشمن اہروار کی موت سے متعلق ہے، جو 10 نومبر 2010ء کو چل بسا تھے۔ 

لکشمن اہروار کی موت کے بعد ان کی والدہ ساوتری نے مقدمہ درج کرایا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ راکھی ساونت نے اکتوبر 2010ء میں نشر ہونے والے اپنے پروگرام میں ان کے بیٹے کے لیے توہین آمیز اور نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔

استغاثہ کے مطابق لکشمن اور ان کی اہلیہ انیتا کو اختلافات کے باعث پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا۔