اداکارہ اور گلوکارہ صبا آزاد نے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج میں شرکت کرنے پر اداکار عمران خان کو بھارت چھوڑنے کا حکم دیے جانے پر ردعمل کا اظہار کردیا۔
صبا آزاد نے اس خبر کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ یہ سراسر بکواس ہے۔ اس خبر میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان کو سی جے پی کے احتجاج میں شرکت پر 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔
ممبئی پولیس نے اپنے نوٹس میں بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان کو ملک چھوڑنے کے لیے 28 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
’جانے تو یا جانے نہ‘، ’میرے برادر کی دلہن‘ اور ’ایک میں اور ایک تو‘ جیسی فلموں سے پہچانے جانے والے عمران خان امریکی شہریت کے حامل ہیں اور ان کے پاس بھارتی نژاد غیر ملکی شہری کا کارڈ ہے۔
عمران خان کو گزشتہ ہفتے کے روز ممبئی میں سی جے پی کے احتجاج میں شامل ہونے کے بعد تھوڑی دیر کے لیے حراست میں لے لیا گیا تھا۔
امکان ہے کہ عمران خان ایف آر آر او کے جاری کردہ نوٹس کو چیلنج کرنے کے لیے پیر کو بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔ ان کی جانب سے ان کے وکیل ایڈوکیٹ ذوالفقار میمن کے ذریعے پٹیشن دائر کی جائے گی۔