پاکستانی ڈراموں پر پابندی سے بھارت کا خوف ظاہر ہوتا ہے: فیصل قریشی

فیصل قریشی—فائل فوٹو

پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی ڈراموں پر پابندی عائد کرنے کی کوشش پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کو پاکستانی ڈراموں کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آنے کا خوف ہے۔

فیصل قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں نے بھارتی ناظرین کو یہ جاننے کا موقع دیا ہے کہ پاکستانی بھی عام اور تعلیم یافتہ لوگ ہیں، اسی لیے بھارتی حکومت نے ان ڈراموں کے اثرات کو روکنے کے لیے پابندی عائد کرنے کی کوشش کی۔

اداکار کا کہنا ہے کہ بھارتی ناظرین پاکستانی مقبول ڈراموں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، حالیہ نشر ہونے والوں ڈراموں کو بھی بھارتی ناظرین میں پذیرائی حاصل ہے۔

فیصل قریشی کے مطابق پابندی کے بعد بھارتی ناظرین نے وی پی این کا استعمال شروع کر دیا، جس کے باعث بھارتی حکومت کو اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنا پڑا۔