لیسٹرشائر کے علاقے میں نقاب پوش افراد نے حملہ کر کے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کو شدید زخمی کر دیا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق تھرنبی میں واقع ایک گھر پر 2 نقاب پوش افراد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر دھاوا بول دیا اور 15 سال کے لڑکے، اس کی والدہ اور والد کو نشانہ بنایا گیا۔
40 سالہ خاتون کے ہاتھ اور کندھے پر چوٹیں آئیں مگر لڑکا اور اس کا والد شدید زخمی ہیں، جنہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر اسپتال منتقل کر دیا۔
اس واقعہ کے وقت گھر میں مزید 3 بچے بھی موجود تھے، جو حملہ آوروں سے محفوظ رہے۔
پولیس کے پہنچنے تک حملہ آور نقاب پوش موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایسٹ مڈلینڈز اسپیشل آپریشنز یونٹ ماہرین کے مطابق ابتدائی صورتحال سے حملہ بلااشتعال لگتا ہے تاہم وجہ جاننے کیلئے پولیس افسران تفتیش کر رہے ہیں۔