بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان نے ممبئی کے علاقے ورسووا میں اپنا ڈوپلیکس فلیٹ 6 کروڑ 1 لاکھ روپے میں فروخت کردیا۔
واضح رہے کہ 43 سالہ اداکارہ نے 2014 میں یہ فلیٹ 3 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ اس طرح جائیداد کی قیمت میں تقریباً 88 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس اپارٹمنٹ کا بلٹ اپ ایریا 2,340 مربع فٹ ہے۔ دستاویزات میں اس سودے کے ساتھ کسی کار پارکنگ کا ذکر نہیں کیا گیا۔ جائیداد کے خریداروں نے 36 لاکھ 6 ہزار روپے اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی۔
ممبئی میں ورسووا اور اس کے قریبی علاقوں، جن میں جوہو، لوکھنڈوالا اور باندرہ شامل ہیں، میں گزشتہ چند برسوں کے دوران فلم اور ٹیلی ویژن سے وابستہ شخصیات نے بھی جائیدادوں کی خرید و فروخت کے متعدد سودے کیے ہیں۔
گزشتہ برس اداکار رندیپ ہوڈا نے ورسووا میں واقع بیانکا کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں 1,530 مربع فٹ کا اپارٹمنٹ 5 کروڑ 63 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔
جولائی 2026 میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے اپنے اہل خانہ کے افراد کے ساتھ مل کر ورسووا میں واقع گودریج اسکائی شور میں متعدد اپارٹمنٹس خریدے، جن کی مجموعی مالیت 43 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔