امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قدامت پسند مبصر کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیٹی زکریا اس وقت ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ سے وابستہ ہیں، وہ کمیونیکیشن ایڈوائزر کے طور پر کام کر رہی ہیں، یہ ادارہ ’ٹروتھ سوشل‘ کا انتظام سنبھالتا ہے۔
اس سے قبل وہ مختصر عرصے کے لیے امریکی محکمۂ داخلی سلامتی (ڈی ایچ ایس) میں ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
انہوں نے ریاست میں قدامت پسند ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے ٹرمپ کے اتحادی رک گرینل کی جانب سے قائم کردہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ’فکس کیلیفورنیا‘ کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کیٹی زکریا کو وفادار اور میگا تحریک (میک امریکا گریٹ اگین) کی پُرجوش حامی اور رکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیٹی زکریا کا ریکارڈ ان کی حمایت کے حوالے سے بے داغ رہا ہے۔
ٹرمپ نے لکھا ہے کہ کیٹی زکریا اس سے قبل میری انتخابی مہمات میں بھی شامل رہی ہیں اور اہم سوئنگ ریاستوں میں معاونت کرتی رہی ہیں، جہاں ہم نے 7 میں سے 7 ریاستوں میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کیٹی وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کی حیثیت سے ہمارے ملک کے لیے بہترین نتائج فراہم کریں گی، انہیں ذرائع ابلاغ، امریکی عوام اور میری انتظامیہ کا احترام حاصل ہے اور وہ ان سب کے ساتھ بہترین انداز میں کام کریں گی۔
کیٹی زکریا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس اہم 250 سالہ سنگِ میل پر صدر ٹرمپ اور امریکی عوام کی خدمت کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے امریکا کو دکھایا ہے کہ ہم دوبارہ عظیم بن سکتے ہیں اور وہ ہر روز اس عظمت کو عملی شکل دینے کے لیے کام کرتے ہیں۔
کیٹی زکریا نے کہا کہ میں وائٹ ہاؤس کے پریس کور اور ملک بھر کے صحافیوں کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہیں تاکہ اس کارکردگی اور ریکارڈ کو عوام کے سامنے لایا جا سکے۔
وائٹ ہاؤس کی سابق پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ، جنہوں نے اگست میں یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا، جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہوں نے فوکس نیوز میں ملازمت اختیار کر لی ہے۔