ماہرہ خان کی بھارت میں جاری احتجاج کی حمایت کی حقیقت کیا ہے؟

ماہرہ خان—فائل فوٹو

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے نئی دہلی میں حکومت مخالف احتجاج کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

ماہرہ خان نے احتجاجی مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس میں شرکت نہیں کر سکتی کیونکہ بھارتی حکومت نے پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش مذکورہ پوسٹ غلط ہے، ماہرہ خان نے اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔

دعویٰ کیا ہے؟

8 اکتوبر کو ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 9 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ماہرہ خان نے بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف 10 اکتوبر کو نئی دہلی میں ہونے والے احتجاج کی حمایت کی ہے۔

پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ میں نہیں آ سکتی کیونکہ بی جے پی نے پاکستانی اداکاروں کے بھارت میں داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے، امید ہے کہ اس احتجاج کے بعد بھارت اور پاکستان کے تعلقات دوبارہ بہتر ہو جائیں گے، مذکورہ پوسٹ کو ڈھائی ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا تھا۔

یہی دعویٰ انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔

دعوے کی حقیقت کیا ہے؟

پاکستانی اداکارہ نے بھارت میں نوجوانوں کی تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی)‘ کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کے حوالے سے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

گزشتہ چند ہفتوں سے بھارت میں اپوزیشن جماعتیں اور نوجوان ووٹر فہرستوں میں تبدیلیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

مظاہرین بھارتی چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں، جبکہ ان مظاہروں کا سلسلہ تقریباً روزانہ جاری ہے۔

جیو فیکٹ چیک نے ماہرہ خان سے رابطہ کر کے اس بات کی تصدیق کرنے کی کوشش کی کہ آیا انہوں نے خود سے منسوب انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی تھی یا نہیں، جس پر اداکارہ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے جواب دیا کہ نہیں۔

جیو فیکٹ چیک کو پاکستانی یا بھارتی ذرائع ابلاغ میں بھی ایسی کوئی رپورٹ نہیں ملی جس میں ماہرہ خان کی جانب سے ان احتجاجی مظاہروں کی عوامی حمایت کا ذکر کیا گیا ہو۔

نتیجہ:

سوشل میڈیا پر ماہرہ خان سے منسوب گردش کرنے والا دعویٰ غلط ہے، ماہرہ خان نے بھارت میں احتجاج کی حمایت سے متعلق خود سے منسوب انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرنے کی تردید کی ہے۔