سمندری طوفان ایسایس فلوریڈا سے ٹکرا گیا، لاکھوں افراد بجلی سے محروم

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

سمندری طوفان ایسایس امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد سمندری طوفان اِیسایس کی شدت کیٹیگری 2 سے کم ہو کر 1 ہو گئی، طوفان فلوریڈا کے شہر ڈیسٹن کے قریب ساحل سے ٹکرایا، تاہم خطرناک سمندری لہروں اور سیلاب کا خدشہ برقرار ہے۔

طوفان کے باعث فلوریڈا میں تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار جبکہ الاباما میں 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔

حکام نے خلیجی ساحلی علاقوں میں سمندری پانی کی سطح میں خطرناک اضافے اور سیلاب سے خبردار کیا ہے۔

امریکی حکام نے طوفان سے نمٹنے کے لیے فلوریڈا اور الاباما میں ہنگامی حالت نافذ کر دی۔

فلوریڈا انتظامیہ نے شمالی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر رہنے اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ فلوریڈا کے بعض شمالی علاقوں میں بگولوں کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

امریکی صدر نے فلوریڈا سے ٹکرانے والے سمندری طوفان ایسایس کے حوالے سے کہا ہے کہ سمندری طوفان کی صورتِحال پر پوری طرح نظر ہے، جس سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔