امریکی خاتون فٹنس ٹرینر کی موت کی تفصیلات جاری کر دی گئیں

— تصویر بشکریہ امریکی میڈیا

امریکی خاتون فٹنس ٹرینر کی موت کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ساؤتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ فٹنس ٹرینر ایلینا کیتھرین مور کی لاش 4 ماہ پہلے ملی تھی جس کے بعد اب ان کی موت کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ایلینا کیتھرین مور 11 جون 2026ء کو ساؤتھ کیرولائنا میں واقع پلینٹ فٹنس نامی جِم سے نکلنے کے بعد 6 دن تک لاپتہ رہیں اور 17 جون کو ان کی لاش ملی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق خاتون کے شوہر نے 12 جون کو پولیس کو اپنی اہلیہ کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق اب حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت دل کے عارضے کے باعث قدرتی یا طبی وجوہات کی وجہ سے ہوئی۔

حکام کے مطابق خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد، چوٹ یا حملے جیسی کوئی چیز سامنے نہیں آئی۔

حکام نے کہا ہے کہ ہمیں اس کیس میں قتل کے شبے سے متعلق کوئی چیز نہیں ملی، خاتون کی میڈیکل ہسٹری کا بھی جائزہ لیا گیا، ہمیں یقین تھا کہ یہ قتل کا کیس نہیں ہے، خاتون گمشدگی سے قبل ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا تھیں، جس پر ان کے شوہر نے ان کی مدد کرنے کی بھی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کی جانب سے خاتون کی موت کی تفصیلات جاری کرنے کے بعد قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے، خاتون کی گمشدگی اور بعد ازاں ان کی موت کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں جن میں ان کے شوہر کو بھی ملوث کیا جا رہا تھا۔