نادیہ خان نے شوبز انڈسٹری میں فساد پیدا کیے ہوئے ہیں: سعود قاسمی

—فائل فوٹوز

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار سعود قاسمی نے اداکارہ اور میزبان نادیہ خان سے متعلق کہا ہے کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں کافی فساد پیدا کیے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں سعود نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے میزبان اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔

پروگرام کے دوران ایک خاتون نے سعود سے سوال کیا کہ آج کل پوڈکاسٹس میں شہرت حاصل کرنے کے لیے ماضی کے واقعات اور پرانی باتوں کو موضوع بنایا جاتا ہے، اس حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے؟

جواب میں سعود نے کہا ہے کہ آج کل یہ رجحان عام ہوتا جا رہا ہے اور لوگوں میں ایک دوسرے کو عزت دینے کا جذبہ کم ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ میں ایک انٹرویو دیکھ رہا تھا جس میں ایک خاتون متنازع سوالات کر رہی تھیں، جو مجھے بالکل پسند نہیں آیا۔

اداکار کا کہنا ہے کہ نادیہ خان نے ایک کاروباری شخصیت کی بیٹی سے بھی سوالات کیے، جبکہ اس سے قبل اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے حوالے سے بھی باتیں کیں، ایسے بیانات لوگوں کے درمیان نفرت اور اختلافات پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

سعود نے مزید کہا ہے کہ ہماری انڈسٹری بہت اچھی ہے اور اس طرح کی متنازع باتیں وقتی ہوتی ہیں، جو عموماً 3 دن بعد اپنی اہمیت کھو دیتی ہیں۔