بالی ووڈ کے معروف فنکار بہن بھائی، سیف علی خان اور سوہا علی خان کی بہن صبا علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے 27 سال کی عمر میں دماغی رسولی کی تشخیص ہوئی تھی جس نے مجھے شدید ذہنی صدمے سے دو چار کر دیا تھا۔
اداکارہ سوہا علی خان کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کی بہن صبا علی خان نے بتایا کہ 2006ء میں ایک دوست کے ساتھ باہر جاتے ہوئے اچانک بے ہوش ہو گئی تھی، تقریباً 20 سے 25 منٹ بعد مجھے ہوش آیا، کچھ دیر بعد دوبارہ ہوش کھونے کے باعث مجھے اپنی صحت کے حوالے سے تشویش ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایم آر آئی کے بعد ڈاکٹروں نے میرے دماغ کے ایک حصے میں ایک غیر معمولی ساخت کی نشاندہی کی اور اسے کولائیڈ سِسٹ قرار دیا، یہ ایک نایاب اور غیر سرطانی رسولی نما ساخت ہوتی ہے جس میں جیلی جیسا مادہ موجود ہوتا ہے۔
صبا علی خان نے بتایا کہ تشخیص کے 6 ماہ بعد میری سرجری کی گئی جس کے دوران معلوم ہوا کہ مجھے ’پائلو سائٹک ایسٹروسائٹوما‘ نامی رسولی بھی ہے، یہ دماغ یا حرام مغز میں بننے والی عموماً آہستہ بڑھنے والی اور غیر سرطانی رسولی ہوتی ہے جسے عالمی ادارۂ صحت کے مطابق درجۂ اول میں شمار کیا جاتا ہے۔
صبا نے بتایا کہ دماغ کی سرجری کی خبر میرے لیے غیر متوقع اور انتہائی تکلیف دہ تھی، ایک دن انسان خود کو بالکل ٹھیک محسوس کرتا ہے اور اگلے ہی لمحے اسے بتایا جاتا ہے کہ اس کے دماغ کا آپریشن ہونا ہے، اس تجربے نے مجھے اندر سے توڑ دیا اور ساتھ ہی اس مشکل نے مجھے مزید مشکلات کا سامنا کرنے کا حوصلہ بھی دیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران میں شدید جذباتی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی اور کبھی کبھار بغیر کسی واضح وجہ کے رونے لگتی تھی، کسی بھی انسان کے لیے اچانک ملنے والی کسی ایسی خبر کو قبول کرنا اور اس سے نمٹنا آسان نہیں ہوتا۔