جھانوی کپور کو اپنی عجیب و غریب صلاحیت کا انکشاف مہنگا پڑ گیا

بالی ووڈ اداکارہ اور آنجہانی سری دیوی اور فلمساز و پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی جھانوی کپور اپنی ایک عجیب و غریب صلاحیت کا انکشاف کرنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا شکار ہیں۔ 

بالی ووڈ اداکارہ، جو اس سال پیرس فیشن ویک میں بھی شریک ہوئی تھیں، نے بتایا کہ وہ اپنی زبان کو تقریباً 360 ڈگری تک موڑ سکتی ہیں۔

ایک میڈیا ادارے سے گفتگو کے دوران 29 سالہ اداکارہ سے ان کی کسی پوشیدہ صلاحیت کے بارے میں پوچھا گیا، جس پر انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی زبان کو تقریباً 360 ڈگری تک موڑ سکتی ہیں۔ تاہم انہوں نے اسے ایک بہت احمقانہ اور بےکار صلاحیت قرار دیا۔

اپنی اس صلاحیت کے دریافت ہونے کے بارے میں جھانوی نے بتایا کہ اسکول میں ان کے ہم جماعت اپنی زبان سے ناک کو چھونے کی کوشش کیا کرتے تھے، لیکن وہ ایسا نہیں کر پاتی تھیں۔ دوسرے بچوں کو متاثر کرنے کی خواہش میں انہوں نے سوچا کہ وہ اپنی زبان سے کچھ اور کر سکتی ہیں۔ یوں انہوں نے بالآخر یہ منفرد پارٹی ٹرک سیکھ لی۔

جھانوی کے اس انکشاف نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ فوراً حاصل کرلی، جہاں بعض لوگوں نے اسے صلاحیت قرار دینے پر ان کا مذاق اڑایا۔ ایک صارف نے لکھا، مجھے یقین نہیں آتا کہ یہ اپنی زبان سے کتنی احمقانہ حرکتیں کرتی ہیں۔

ایک اور نے کہا اننیا پانڈے جیسی ہی صلاحیت! میں نے تو اداکاری سے متعلق کسی صلاحیت کی توقع کی تھی۔ ایک صارف کا کہنا تھا یہ کوئی صلاحیت نہیں ہے۔

جھانوی کپور حال ہی میں اپنے اور جونیئر این ٹی آر کے گانے چٹملے سے متعلق ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ جعلی ویڈیو کے معاملے پر بھی خبروں میں تھیں۔ 

یہ گانا 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم دیورا: پارٹ 1 کا حصہ تھا۔ اس ویڈیو میں انھیں توہین آمیز انداز میں دکھایا گیا تھا، جس پر آن لائن مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

جھانوی نے اس معاملے پر اپنے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک تفصیلی نوٹ شیئر کیا اور خواتین کو قابل اعتراض انداز میں پیش کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے غلط استعمال پر تنقید کی اور کہا کہ کسی کی رضامندی کے بغیر فرضی مواد پھیلانا تکلیف دہ اور خلاف قانون ہے۔

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو وہ ہدایت کار راجہ مہتا کی فلم لگ جا گلے میں ٹائیگر شیروف اور لکشیا کے ساتھ نظر آنے والی ہیں۔ جو 2027 میں ریلیز ہوگی۔