لندن کنسرٹ میں کرن اوجلا کا استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت

—فائل فوٹوز

بھارتی پنجابی گلوکار کرن اوجلا نے لندن میں اپنے ہاؤس فل کنسرٹ کے دوران لیجنڈری پاکستانی قوال استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

کرن اوجلا نے استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کا مشہور گانا ’میں خیر منگا‘ پیش کیا۔

پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر استاد نصرت فتح علی خان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔

واضح رہے کہ کرن اوجلا پنجابی موسیقی کے مقبول ترین ناموں میں شمار ہوتے ہیں، پنجاب میں پیدا ہونے والے کرن اوجلا نے اپنی زندگی کا کچھ حصہ کینیڈا میں گزارا ہے۔

 انہوں نے نو عمری میں گیت لکھنا شروع کیے اور گلوکار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے سے پہلے بطور نغمہ نگار اپنی شناخت بنائی۔

ان کے مشہور گانوں میں ’ڈونٹ وری‘ شامل ہے، جبکہ ان کے البمز ’بیک دی فوک اپ‘، ’میکنگ میموریز‘ اور ’پی پاپ کلچر‘ بھی مقبول ہوئے۔

دوسری جانب استاد نصرت فتح علی خان پاکستان کے عالمی سطح پر سب سے زیادہ پہچانے جانے والے موسیقاروں میں شامل ہیں، 1948ء میں فیصل آباد میں پیدا ہونے والے استاد نصرت فتح علی خان نے خاندان کی قوالی کی روایت کو آگے بڑھایا اور کم عمری میں اپنے خاندانی قوالی گروپ کے ساتھ پرفارم کرنا شروع کیا۔

1964ء میں والد کے انتقال کے بعد انہوں نے قوالی گروپ کی قیادت سنبھالی اور اپنی طاقت ور آواز اور منفرد انداز سے دنیا بھر میں اپنی شناخت بنائی۔

استاد نصرت فتح علی خان نے بعد ازاں عالمی موسیقاروں اور فلم سازوں کے ساتھ بھی کام کیا اور قوالی کی روایتی روح کو برقرار رکھتے ہوئے اسے موسیقی کے نئے انداز سے متعارف کرایا۔

ان کی طاقتور آواز، برجستہ انداز اور منفرد طرزِ گائیکی نے انہیں جنوبی ایشیاء سے باہر بھی عالمی شہرت دلائی۔

استاد نصرت فتح علی خان 1997ء میں 48 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، تاہم ان کی موسیقی آج بھی نئی نسل کے گلوکاروں کو متاثر کر رہی ہے۔