امیتابھ بچن کا نیند کے لیے وقت نکالنا مشکل ہو گیا

امیتابھ بچن—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے مصروفیات کے باعث مناسب نیند کے لیے وقت نہ ملنے کا انکشاف کیا ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں نیند کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ رات کی نیند انسانی جسم کی بہترین بحالی کا ذریعہ ہے، تاہم مجھے اس کے لیے وقت نکالنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اداکار نے لکھا ہے کہ میں جلد سونے اور صبح کام کے لیے وقت پر بیدار ہونے کی کوشش کر رہا ہوں، رات کے وقت ذہن میں کئی خیالات اور نئے تصورات آتے ہیں اور اپنے مقاصد حاصل کرنے کا جذبہ مجھے آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔

امیتابھ بچن ان دنوں ٹی وی اور فلمی مصروفیات میں مسلسل مصروف ہیں۔

وہ مقبول بھارتی کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں، جس میں شرکاء مختلف سوالات کے جوابات دے کر انعامی رقم جیتنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ٹی وی مصروفیات کے ساتھ امیتابھ بچن فلمی منصوبوں میں بھی سرگرم ہیں۔

وہ ناگ اشون کی فلم ’کَلکی 2898 اے ڈی‘ کے سیکوئل کا حصہ ہیں، جس میں کمل ہاسن اور پربھاس بھی شامل ہیں۔