اسپین میں رہائشی بحران، ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے

فوٹو: اے ایف پی

اسپین بڑھتے رہائشی بحران اور پارلیمنٹ میں حکومتی اقدامات کی منسوخی کے بعد ملک بھر میں احتجاج کی شدید لہر دوڑ گئی۔

میڈرڈ سمیت 50 سے زائد شہروں میں ہزاروں شہری اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔

صرف دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً 70 ہزار سے افراد نے مظاہرے میں شرکت کی جبکہ دیگر شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شدید غصے میں سڑکوں پر موجود مظاہرین ، کرائے داروں کی تنظیموں اور لیبر یونینز نے مل کر ملک گیر ہڑتال کا اشارہ بھی دے دیا۔

ایک دو شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں جبکہ بعض علاقوں میں خراب موسم کے باعث مظاہرے ملتوی کردیے گئے۔

عوام کا غصہ دراصل پارلیمانی ناکامی پر ہے، جمعے کے روز پارلیمنٹ نے 87 سالہ خاتون کی گھر سے بے دخلی و دیگر رہائشی مسائل سے متعلق بل کو رد کردیا تھا، جس نے عوام کے غصے کو مزید بھڑکا دیا۔

اسپین کے وزیراعظم سیاسی طور پر اس ناکامی کے بعد قبل از وقت انتخابات کرانے پر غور کررہے ہیں، ان کے دفتر نے فی الحال موجودہ صورتحال پر تبصرے سے معذرت کی ہے۔