انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد تبدیلیاں کردیں۔ تبدیلیوں کا اطلاق یکم اکتوبر اور اس سے بعد کی سیریز میں ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق بیٹر کے وقت ضائع کرنے پر پانچ رنز کی پنالٹی ہوگی۔ اگر بیٹر طے شدہ وقت میں تیار نہیں ہوگا تو پہلے وارننگ دی جائے گی۔ دوسری فائنل وارننگ کے بعد تیسری مرتبہ فیلڈنگ سائیڈ کو پانچ رنز دے دیے جائیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق آزمائشی طور پر ٹیسٹ میں دن کی روشنی میں پنک بال کا استعمال ہوسکے گا۔ کم روشنی میں پنک بال کے استعمال کے لیے دونوں ٹیموں کی باہمی رضامندی درکار ہوگی۔ باہمی رضامندی ٹیسٹ شروع ہونے سے پہلے ہوگی۔
اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں کھیل کے آخری اوور میں وکٹ گرتے ہی دن کا اختتام نہیں ہوگا۔ موسم اور کنڈیشنز اجازت دیتی ہیں تو کھیل جاری رہے گا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 15 منٹ کا فکسڈ وقفہ ہوگا اگر ٹائم کا ضیاع ہو چکا ہو گا تو وقفہ دس منٹ تک کیا جاسکے گا۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پانی کے وقفے کے دوران ہیڈ کوچ یا ان کا کوئی مقرر کردہ اسکواڈ یا اسٹاف ممبر گراؤنڈ میں آسکے گا۔