فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنہم کی جانب سے برطانیہ کے دوبارہ یورپی یونین میں شامل ہونے کے عندیے کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا ہے۔
میڈریڈ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ’خوش آمدید‘، اگر برطانیہ واپس آنا چاہتا ہے اور وزیرِ اعظم اینڈی برنہم اسی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں تو یہ برطانیہ اور یورپی ممالک دونوں کے لیے مفید ہو گا۔
فرانسیسی صدر نے کہا کہ برطانیہ کی یورپی یونین میں واپسی یورپی یونین اور برطانیہ دونوں کے لیے اچھی خبر ثابت ہو سکتی ہے۔
اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے بھی اس معاملے پر اظہارِ خیال کیا، دونوں رہنما لیبر پارٹی کی کانفرنس میں برطانوی وزیرِ اعظم کی تقریر پر ردِعمل دے رہے تھے۔
اس سے قبل اینڈی برنہم نے کہا تھا کہ برطانیہ کے پاس اس وقت تک کوئی واضح راستہ نہیں ہو گا جب تک یورپی یونین کے ساتھ طویل مدتی تعلقات کا فیصلہ نہیں کیا جاتا کیونکہ یورپی یونین اب بھی برطانیہ کی سب سے بڑی منڈی ہے۔