آسٹریا کے جاز بینڈ نے کراچی میں رنگ جما دیا

—فوٹوز بشکریہ رپورٹر

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور آسٹریا کے سفارت خانے کے اشتراک سے آسٹریا کے جاز بینڈ نے کراچی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جس میں جاز موسیقی کی دھنیں پیش کی گئیں۔

یہ پروگرام ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء سے قبل منعقد ہونے والی سرگرمیوں کا حصہ تھا۔

تقریب میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ، گوئٹے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر، جاپان کے قونصل جنرل، کوٹ ڈی آئیور کے اعزازی قونصل جنرل، جنوبی کوریا کے قونصل جنرل، اٹلی کے قائم مقام قونصل جنرل، سفارتی نمائندوں اور دیگر سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

آسٹریا کے جاز بینڈ میں شامل گٹارسٹ رابرٹ پاؤلک اور ٹرمپٹ نواز میکائیلا رابش نے جاز کی مختلف دھنیں پیش کیں، جنہیں حاضرین نے سراہا۔

موسیقی کے شائقین نے آسٹریا کے فنکاروں کی پیشکش سے لطف اٹھایا اور تقریب جاز موسیقی سے گونجتی رہی۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے مطابق ورلڈ کلچر فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن 29 اکتوبر سے شروع ہو گا۔

فیسٹیول میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے موسیقاروں، اداکاروں، رقاصوں اور بصری فنکاروں سمیت دیگر فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول کا مقصد مختلف ممالک کے فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، موسیقی، تھیٹر، رقص اور فنون کی دیگر اصناف کے ذریعے ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریا کے فنکار نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ہمارے لیے ایک شاندار تجربہ ہے، یہاں کے لوگ نہایت مہربان اور مہمان نواز ہیں، پاکستانی موسیقاروں کے ساتھ کام کرنا ایک منفرد تجربہ تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمیں دوبارہ پاکستان آنے کا موقع ملے گا۔