اماراتی ایئر لائن کے پائلٹ پر خودکشی کی کوشش کرنے کا شبہ ہے: اسرائیلی میڈیا

— فائل فوٹو

اماراتی ایئر لائن کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کی سعودیہ میں ہنگامی لینڈنگ کے واقعے پر اسرائیلی میڈیا نے پائلٹ پر خودکشی کی کوشش کرنے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک پائلٹ نے طیارے کو 30 ہزار فٹ بلندی سے 15 ہزار فٹ تک نیچے لانے کی کوشش کی، تاہم دوسرے پائلٹ نے مداخلت کر کے طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق طیارے میں سول لباس میں ملبوس پائلٹس کی سیکنڈ ٹیم نے ایمرجنسی لینڈنگ کرائی، یہ پائلٹس نہ ہوتے تو یہ ایک اور نائن الیون یا 1976ء جیسی ہائی جیکنگ بن جاتی۔

اسرائیلی نیوز ویب سائٹ کے مطابق طیارے میں سول لباس میں ملبوس پائلٹس کی ٹیم کی رپورٹ تاحال مصدقہ نہیں، طیارے کے زیرِ تفتیش معاون پائلٹ کا تعلق عمان سے ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی حکام کے مطابق طیارہ واقعہ ممکنہ طور پر دہشت گرد کارروائی تھی۔

سینئر اسرائیلی عہدیدار نے اسرائیلی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی ایئر لائن پر سب سے بڑی تباہی کو روک دیا گیا ہے، طیارے کے معاون پائلٹ سے تحقیقات جاری ہیں۔

اسرائیلی عہدیدار نے کہا کہ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ اس نے طیارہ کریش کرنے کے لیے کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی تھی۔