کرن جوہر نے ’کافی ود کرن‘ 22 سال بعد ختم کرنے کی وجہ بتا دی

—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بالی ووڈ کے معروف فلمساز اور میزبان کرن جوہر نے اپنے پروگرام ’کافی ود کرن‘ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، پروگرام کا 9واں سیزن اس شو کا آخری سیزن ہو گا۔

کرن جوہر نے بتایا ہے کہ میں اپنے کیریئر کے آئندہ 10 سال کے دوران فلم سازی اور مزید کہانیاں سنانے پر توجہ دینا چاہتا ہوں، اسی لیے میں نے بھاری دل کے ساتھ اپنے پروگرام کے اختتام کا فیصلہ کیا ہے۔ 

کرن جوہر نے کہا ہے کہ میرے لیے یہ فیصلہ جذباتی اور ذاتی نوعیت کا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’کافی ود کرن‘ کا آغاز 2004ء میں ہوا تھا اور پہلے پروگرام میں شاہ رخ خان اور کاجول بطور مہمان شریک ہوئے تھے۔ 

پہلے سیزن میں امیتابھ بچن اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ جبکہ ایشوریا رائے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ شریک ہوئی تھیں۔

مشہور شخصیات کی اس شو میں شرکت، گفتگو، دوستی، محبت، شادی، علیحدگی اور مختلف متنازع انکشافات کے باعث پروگرام اکثر خود بھی خبروں کی زینت بنتا رہا۔

’کافی ود کرن‘ کا 9واں اور آخری سیزن 14 اکتوبر 2026ء کو جیو ہاٹ اسٹار پر خصوصی طور پر نشر کیا جائے گا۔