امریکی محکمۂ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ امریکی بحریہ نے بحریہ کے سکستھ جنریشن کے F/A-XX اسٹرائیک فائٹر کی مکمل پیمانے پر تیاری کے لیے بوئنگ کو 20 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کا معاہدہ دیا ہے۔
یہ معاہدہ نیکسٹ جنریشن ایئر ڈومیننس (NGAD) پروگرام کے تحت دیا گیا ہے، جس میں متعدد آزمائشی طیاروں کی تیاری بھی شامل ہے۔
پینٹاگون کے مطابق ان طیاروں کو زمینی آزمائشوں، پرواز کے قابل ہونے کی جانچ، نظاموں کی جانچ اور ہتھیاروں کے انضمام کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
امریکی محکمۂ دفاع کے حصول اور امورِ پائیداری کے انڈر سیکریٹری مائیکل پی ڈفی نے F/A-XX کو فضائی برتری برقرار رکھنے اور متنازع ماحول میں امریکی فوج کی کارروائی کی صلاحیت مضبوط بنانے کی کوششوں کا ایک مرکزی جزو قرار دیا۔
پی ڈفی نے کہا کہ F/A-XX طاقت کے ذریعے امن برقرار رکھنے کے ہمارے عزم کا ایک اہم ستون ہے، جو متنازع فضائی حدود میں برتری قائم کرے گا، آپریشنل رسائی بڑھائے گا اور جنگجوؤں کو فیصلہ کن جنگی برتری فراہم کرے گا۔
ہی ڈفی کے مطابق یہ پروگرام ملک کی مستقبل کی فضائی جنگی صلاحیتوں میں ایک بڑی سرمایہ کاری کی نمائندگی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ F/A-XX کو بحری بیڑے کے طیارہ بردار بحری جہازوں سے آپریشن کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد امریکی بحریہ کے طیارہ بردار بیڑے کی آپریشنل رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔