چینی تاجر نے بھارتی گاہکوں کے ساتھ کاروبار کرنے میں پیش آنے والی مشکلات بیان کر کے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
جے چن نامی چینی تاجر کے مطابق بھارتی گاہک قیمتوں پر بہت زیادہ بحث کرتے ہیں اور آرڈر دینے سے پہلے مفت نمونوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔
الیکٹرانک مصنوعات اور ان کے پرزوں کی بین الاقوامی تجارت سے وابستہ چینی تاجر جے چن نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
انہوں نے اپنی ویڈیو میں بھارتی گاہکوں کے ساتھ کاروباری معاملات طے کرتے ہوئے پیش آنے والی مشکلات بیان کی ہیں۔
چینی تاجر نے بتایا ہے کہ بھارتی گاہک قیمتوں کے معاملے میں بہت حساس ہیں، مصنوعات کی قیمت زیادہ ہونے کی شکایت کرتے ہیں اور باقاعدہ آرڈر دینے سے پہلے مفت نمونے طلب کرتے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا ہے کہ بھارتی گاہکوں کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے ایک مسئلہ اعتماد کی کمی بھی ہے کیونکہ بعض تاجر بھارتی مارکیٹ میں دھوکے بازی کے خدشے کے باعث کاروبار کرنے سے ہچکچاتے بھی ہیں۔
جے چن کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔