جعلی اے آئی ویڈیوز بنانے والوں کو جیل میں ڈال دینا چاہیے، سلمان خان

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ جعلی اے آئی ویڈیوز بنانے والوں کو جیل میں ڈال دینا چاہیے۔ بگ باس 20 میں سلمان خان نے مصنوعی ذہانت سے تیار کی جانے والی جعلی ویڈیوز کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ضروری ہے۔

سوشل میڈیا ٹرولز کے خلاف بگ باس 20 میں اپنے سخت ردِعمل کے بعد اب انھوں نے سوشل میڈیا پر اے آئی ویڈیوز بنانے والے افراد کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ 

بالی ووڈ سپر اسٹار نے انکشاف کیا کہ وہ خود بھی ایسی ہی جعلی ویڈیوز کا نشانہ بن چکے ہیں، جان بوجھ کر ایسا مواد تیار اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔

سلمان خان نے کہا کہ جس طرح غنڈہ گردی اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات اب سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی شکل اختیار کر چکے ہیں، اسی طرح آن لائن پلیٹ فارمز پر لوگوں کو اپنی باتوں اور تیار کردہ مواد کے لیے بھی جواب دہ ہونا چاہیے۔ اے آئی ویڈیو بنانا اور آواز ڈب کرنا غلط ہے۔ یہ بہت خوفناک بات اور بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ آپ نے کچھ کہا اور کسی نے اے آئی استعمال کرکے اسے ایڈٹ کر دیا اور کسی کو گالی دے دی۔ 

سلمان نے جان بوجھ کر جعلی اے آئی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا اور کہا اب جو لوگ یہ نہیں جانتے کہ یہ اے آئی سے تیار کیا گیا مواد ہے، وہ اسے پوسٹ کر سکتے ہیں کہ سلمان خان وہاں موجود تھے۔ لیکن جو لوگ حقیقت جانتے ہوئے بھی یہ ویڈیو بناتے ہیں، وہ کس قسم کے لوگ ہیں؟ ایسے لوگوں کو جیل میں ڈالنا چاہیے۔ جب تک ایک دو لوگوں کو اندر نہیں کیا جائے گا، یہ سلسلہ رکنے والا نہیں۔ ایک ایسا قانون ہونا چاہیے جو منظور کیا جائے اور سوشل میڈیا پر سنسرشپ ہونی چاہیے۔

سلمان نے مزید کہا کہ ان لوگوں کے لیے صورتحال زیادہ تشویشناک ہے جن کے پاس اداکاروں جیسا اثر و رسوخ یا وسائل موجود نہیں ہوتے۔ ان کے مطابق مشہور شخصیات سائبر سیل سے رابطہ کرکے یہ معلوم کر سکتی ہیں کہ یہ ویڈیو کس نے بنائی، لیکن عام لوگوں کے پاس اتنی معلومات یا مدد تک رسائی نہیں ہوتی۔

انھوں نے یہ گفتگو اس وقت کی جب وہ بگ باس 20 کے ہاؤس میں موجود شرکا کی جانب سے ایک دوسرے کی شکل و صورت کے بارے میں کیے جانے والے تبصروں پر بات کر رہے تھے۔