ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے ایک مرتبہ پھر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی مشکل زاویے سے شاندار گول کر کے سب کو حیران کر دیا۔
لیونل میسی کے اس ناقابلِ یقین گول کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہے اور اس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹار فٹبالر امریکی فٹبال لیگ میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں فری کک پر ناقابلِ یقین گول کر کے بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے اور کولمبس کریو نے انٹر میامی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
کولمبس کریو نے 28ویں منٹ میں جوزف مارٹینیز کے پنالٹی گول کی بدولت برتری حاصل کی، لیکن صرف 5 منٹ بعد لیونل میسی نے ایسا گول کیا جس نے شائقین کو حیران کر دیا۔
میچ کے 33ویں منٹ میں انٹر میامی کو گول پوسٹ کے دائیں جانب انتہائی تنگ زاویے سے فری کک ملی۔
گراؤنڈ کے اس مقام سے گول کرنا انتہائی مشکل تھا لیکن لیونل میسی نے گیند کو غیر معمولی انداز میں گھما کر جال میں پہنچا دیا۔
ان کے اس شاندار شاٹ پر ناصرف کولمبس کریو کے گول کیپر بلکہ ان کے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی حیران کر دیا۔
اس گول کے ساتھ لیونل میسی کے رواں ایم ایل ایس سیزن میں گولز کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔