بالی ووڈ کے سینئر اداکار رضا مراد نے ساتھی اداکار مشتاق خان کے جنازے میں بالی ووڈ کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بڑا چہرہ نہیں آیا۔
رضا مراد نے مشتاق خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بالی ووڈ کی معروف شخصیات سے سوال کیا کہ وہ آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی جنازے میں کیوں شریک نہیں ہوئے۔
75 سالہ سینئر اداکار نے بالی ووڈ کے بڑے اداکاروں پر کڑی تنقید کی۔ مشتاق خان جنہوں نے اکشے کمار کی مشہور فلم ویلکم میں بھی کام کیا تھا، 24 ستمبر کو کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔
رضا مراد نے ہفتے کی صبح اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے مشتاق خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی بالی ووڈ کی معروف شخصیات کی عدم شرکت پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی بھی اسٹار انہیں اپنا آخری سلام پیش کرنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی بزنس مین کے بیٹے کی شادی ہوتی تو یہ اسٹارز نہ صرف وہاں شرکت کرتے بلکہ ویٹرز کی طرح مہمانوں کو سَرو بھی کرتے۔
اگرچہ رضا مراد نے کسی مخصوص اداکار یا اداکارہ کا نام نہیں لیا، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ اداکار مشتاق خان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے 50 منٹ بھی نہیں نکال سکے۔
انہوں نے فلم انڈسٹری کے لیے مشتاق خان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کی چمچہ گیری نہیں کی، وہ صرف اپنے کام کے بل بوتے پر یہاں تک پہنچے تھے۔ رضا مراد نے کہا دولت اور شہرت ہمیشہ قائم نہیں رہتی، اس لیے انسان کو عاجزی اور انکساری اختیار کرنی چاہیے۔
مشتاق خان کی آخری رسومات میں انو کپور، گجیندر چوہان اور راج پال یادیو کو دیکھا گیا۔
اس موقع پر انو کپور نے مشتاق خان کے ساتھ اپنی آخری پیشہ ورانہ ملاقات کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے تقریباً چھ ماہ قبل کانپور میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ وہ بالکل خوش اور مطمئن دکھائی دے رہے تھے، یا شاید وہ اپنی بیماری چھپا رہے تھے۔