آئی ایم ایف مشن آج اسلام آباد پہنچے گا، چوتھے جائزے پر مذاکرات پیر سے شروع ہوں گے

—فائل فوٹو 

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان چوتھے جائزے کے مذاکرات کا باقاعدہ مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

آئی ایم ایف مشن گزشتہ 3 روز کراچی میں قیام کے بعد آج اسلام آباد پہنچے گا جہاں پیر سے معاشی ٹیم کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات شروع ہوں گے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق کراچی میں آئی ایم ایف مشن نے اسٹیٹ بینک حکام اور سندھ حکومت سے مذاکرات کیے ہیں، سندھ حکومت نے وفاق کو سر پلس بجٹ کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 جون تک ٹیکس آمدنی 593 ارب روپے جبکہ نان ٹیکس آمدنی دگنی ہو کر 80 ارب روپے سے زائد رہی۔

اسٹیٹ بینک حکام نے بھی آئی ایم ایف مشن کو ملکی معاشی کارکردگی، زرِمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات، فارن ایکسچینج، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق زرِمبادلہ کے ذخائر 17 ارب ڈالرز سے زائد رکھنے کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی بریفنگ پر آئی ایم ایف مشن نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔