اوپن اے آئی بوٹس کے امریکی سرکاری عوامی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کا انکشاف

— فائل فوٹو

ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی نے درجنوں اداروں کو خبردار کر دیا کہ اس کے مصنوعی ذہانت کے بوٹس نے امریکی سرکاری ویب سائٹس کے عوامی ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کے ماڈلز نے امریکی مردم شماری بیورو، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، جامعات، عوامی ایجنسیوں اور دیگر تنظیموں کی ویب سائٹس پر موجود عوامی معلومات تک رسائی حاصل کر لی۔

ترجمان اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ تحقیقی سرگرمیوں کے لیے اکثر عوامی معلومات کے مستند ذرائع کے طور پر سرکاری ویب سائٹس سے رجوع کیا جاتا ہے۔

اوپن اے آئی نے کہا ہے کہ تربیت اور جانچ کے دوران پیش آنے والے غیر ہم آہنگی (misalignment) کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں، جسے مکمل ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

کمپنی یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس کے اے آئی ایجنٹس نے دراصل کیا کیا؟ یہ صورتِ حال سائبر سیکیورٹی ماہرین کے ایک بڑے خدشے کو اجاگر کرتی ہے، یہ سسٹمز بڑی حد تک ایسے کام انجام دے چکے ہیں جن کا انہیں بنانے والی کمپنیوں کو علم نہیں تھا۔

کمپنی نے جمعے کو ایک تفصیلی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ متعدد اداروں کو ایسے واقعات سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جن میں سافٹ ویئر نے ممکنہ طور پر کسی آن لائن سروس کے سیکیورٹی کنٹرولز کو نظر انداز کیا، اس کی دستیابی متاثر کی یا ایسے حالات پیدا کیے جہاں کسی غیر ہم آہنگ اے آئی ماڈل نے اوپن اے آئی سے باہر کسی ویب سائٹ یا سروس کو منفی طور پر متاثر کیا۔

اوپن اے آئی نے کہا ہے کہ متاثرہ ویب سائٹس میں حکومتوں، جامعات، عوامی اداروں اور دیگر تنظیموں کی جانب سے چلائی جانے والی ویب سائٹس شامل ہیں۔