دلجیت دوسانجھ شو سے قبل نصرت فتح علی خان کی قوالی میں کیا سن کے دل کھول کر رو پڑے؟

— فائل فوٹو

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹیج پرفارم سے قبل نصرت فتح علی خان کی ایک قوالی سنی، جسے سن کر میری آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔

حال ہی میں انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران دلجیت دوسانجھ نے اپنی زندگی کا یہ انتہائی ذاتی لمحہ شئیر کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میلان میں اپنے شو سے قبل یوگا کی تیاری کے دوران ایک واقعہ پیش آیا۔

پنجابی گلوکار نے بتایا کہ میں نصرت فتح علی خان کی قوالی ’من اٹکیا بے پرواہ دے نال‘ سن رہا تھا تو قوالی میں جب یہ مصرعے آئے ’قاضی ملا مٹی دیندے، کھرے سیانے راہ دسیندے‘ تو جیسے میرے اندر کچھ ٹوٹ سا گیا۔

دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ وہ الفاظ سننے کے بعد میں اپنی یوگا میٹ پر بیٹھ گیا اور رونے لگا، وہ تمام الفاظ سننے کے بعد مجھے نہیں معلوم کہ ان کا مجھ پر کتنا گہرا اثر ہوا، میں دل کھول کر رویا، میں تقریباً 5 سے 10 منٹ تک روتا رہا اور پھر یوگا شروع کیا۔

گلوکار نے کہا کہ نصرت فتح علی خان کے کلام میں ایک ایسی سچائی ہے جو سننے کے بہت دیر بعد تک انسان کے اندر موجود رہتی ہے، بعض مصرعے ایسے ہوتے ہیں جو انسان کے اندر اتر جاتے ہیں اور پھر کبھی باہر نہیں نکلتے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب دلجیت دوسانجھ نے پاکستان کے عظیم قوال نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہو۔

12 ستمبر کو لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں ہونے والے اپنے تاریخی کنسرٹ کے دوران بھی دوسانجھ نے نصرت فتح علی خان سے منسوب معروف کلام ’سانسوں کی مالا‘ پیش کیا تھا۔

اس موقع پر تقریباً 90 ہزار افراد موجود تھے اور دلجیت دوسانجھ ویمبلی اسٹیڈیم میں بطور مرکزی فن کار پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فن کار بنے۔