سینئر اداکار راشد محمود نے پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی شوبز انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کو درپیش مشکلات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران راشد محمود نے اپنے موجودہ حالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیلی وژن کے لیے کئی دہائیوں تک خدمات انجام دینے کے باوجود سینئر اداکاروں کے لیے کام کے مواقع محدود ہو گئے ہیں۔
اداکار نے اس سے قبل ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ میں کئی ماہ سے بے روزگار ہوں اور روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا میرے لیے مشکل ہوتا جارہا ہے۔
سینئر اداکار نے ایندھن، اشیائے خور و نوش اور دیگر ضروری اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کا بھی ذکر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ میں گزشتہ 5 ماہ سے جوڑوں کے درد میں مبتلا ہوں جبکہ پہلے سے دل کا مریض بھی ہوں۔
اپنے کیریئر پر بات کرتے ہوئے راشد محمود نے کہا تھا کہ ہم جیسے فنکاروں نے پاکستان کی ٹیلی وژن انڈسٹری کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے صدارتی ایوارڈ ملنے کو اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نعمت قرار دیا۔
واضح رہے کہ راشد محمود ’شاہین‘، ’اندھیرا اجالا‘، ’مرزا غالب‘، ’ریاست‘ اور ’محبت روٹھ جائے تو‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
وہ متعدد ڈراموں میں مضبوط اور منفی کرداروں کی وجہ سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔