بیورو کریسی، اعلیٰ اداروں کی شخصیات کا حساس ڈیٹا بیرون ملک فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بیورو کریسی اور اعلیٰ اداروں کی شخصیات کا حساس ڈیٹا بیرون ملک فروخت کرنے والا گروہ پکڑ لیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کو آگا ہ کیا کہ راولپنڈی سے پکڑا گیا گروہ پیسوں کے عوض اعلیٰ افسران کا ڈیٹا بیرون ملک فروخت کر رہا تھا۔

کمیٹی نے سرکاری افسران کے درمیان میسجز کے لیے پی ٹی اے کو ایپ بنانے کی ہدایت کردی، کمیٹی نے ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نامناسب مواد لائیو نشر کیے جانے کی طرف چیئرمین پی ٹی اے کی توجہ بھی دلائی اور 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے انٹرنیٹ پر سختی کرنے کی سفارش کی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا بچوں کےسوشل میڈیا استعمال سے متعلق وزیرمملکت طلال چوہدری سے ملاقات کی ہے، کچھ ممالک نے 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگائی ہے۔