دیشا سالیان یا شیو سینا رہنما سے کبھی نہیں ملا، سورج پنچولی

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ اداکار سورج پنچولی نے خود کو دیشا سالیان کی موت کے کیس سے جوڑے جانے کے معاملے میں ایک بار پھر اپنا موقف پیش کیا ہے۔

ایک تفصیلی بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کبھی دیشا سالیان یا شیو سینا رہنما آدتیہ ٹھاکرے سے نہیں ملے۔ ان کا نام اس کیس سے جڑنے کے بعد سے وہ آن لائن گالم گلوچ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

سورج کا یہ بیان بمبئی ہائی کورٹ کے جون 2020 میں دیشا کی موت کے معاملے میں سی بی آئی تحقیقات کا حکم دینے کے بعد سامنے آیا۔ عدالت نے سی بی آئی کو اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ جب تک ثابت نہ ہو، کسی بھی فرد کو ملزم کے طور پر نہ دیکھا جائے۔

 انہوں نے کہا وہ ایک بار پھر یہ بات دہرا رہے ہیں کیونکہ لوگ ابھی تک سمجھ نہیں پا رہے کہ میری دیشا یا آدتیہ ٹھاکرے سے کبھی بھی براہ راست یا بالواسطہ  ملاقات نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود آن لائن بدتمیزی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں۔ لوگوں کا خیال تھا میں خوفزدہ ہوں، مگر ایسا بالکل نہیں ہے۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار ادیتیا پنچولی اور زرینہ وہاب کے بیٹے سورج پنچولی نے بتایا کہ وہ کس طرح اپنا کیریئر دوبارہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، عرصے سے میرا نام ایسے معاملات میں گھسیٹا جا رہا ہے جن سے میرا کوئی تعلق نہیں۔

یاد رہے کہ دیشا سالیان آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی منیجر کے طور پر مختصر عرصے کام کر چکی تھیں اور جون 2020 میں، سشانت کی موت سے چند دن قبل پراسرار حالات میں مرگئی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ وہ ممبئی کے ملاڈ علاقے میں واقع عمارت سے گر گئی تھیں۔ ان کی موت کو ابتدائی طور پر حادثاتی قرار دیا گیا تھا اور پولیس کی تحقیقات میں کسی بدنیتی کے امکان کو خارج کر دیا گیا تھا۔

تاہم، دیشا کے والد ستیش سالیان نے بمبئی ہائی کورٹ میں نئی تحقیقات کی درخواست دائر کی ہے۔ 2 ستمبر 2026 کو عدالت نے سی بی آئی کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔